بوسٹر ڈوز لگوانے والے کو 100 ڈالر انعام دینے کا اعلان

Published On 03 January,2022 09:47 pm

واشنگٹن:(ویب ڈیسک) کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومی کرون نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنے پنجے تیزی کے ساتھ گاڑنے شروع کردیئے ہیں اور تمام حکومتیں اپنے عوام کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کیلئے ہدایات جاری کررہی ہیں جبکہ پاکستان میں بھی 30 سال سے زائد عمرکے افراد کیلئے ویکسین بوسٹر لگانے کا آغاز ہوگیا۔

عوام کو ویکسین لگوانے کی جانب راغب کرنے کے لئے امریکی شہر نیویارک سٹی کے میئر بل ڈی بلاسیو نے اومی کرون سے محفوظ رہنے کے لیے کورونا ویکسین کے بوسٹر ڈوز لگوانے والے شہریوں کے لیے 100 ڈالر انعام کا اعلان کیا اور کہا کہ شہریوں کی حوصلہ افزائی بھی ضروری ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں کورونا کی نئی تبدیل شدہ شکل اومی کرون بجلی کی رفتار سے پھیل رہا ہے جس کی زد میں آکر ایک غیر ویکسین شدہ شخص انتقال کرگیا۔

نیویارک میں کورونا کے نئے کیسز کے باعث دوبارہ پابندیاں نافذ کی جارہی ہیں۔سالانہ تعطیلات میں شہریوں کی بڑی تعداد کی نقل وحمل اور سال نو پر گیٹ ٹو گیدر پارٹیز کے باعث ملک بھر میں ٹیسٹنگ انفراسٹرکچر کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے۔

اومی کرون سے بچنے کا واحد ویکسی نیشن ہے، جن شہریوں نے ویکسین کے ٹیکوں کا کورس مکمل کرلیا ہے اب انھیں بوسٹر ڈوز لگوانے کی تجویز دی جارہی ہے اور کہیں کہیں سختی سے عمل درآمد بھی کرایا جا رہا ہے۔
 

Advertisement