لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ عدت گزارے بغیر شادی کو بے قاعدہ یا فاسد کہا جا سکتا ہے لیکن اسے باطل قرار نہیں دیا جاسکتا، عدالت نے عدت مکمل کیے بغیر شادی کو زنا قرار دینے کی درخواست خارج کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس علی ضیا باجوہ نے امیر بخش کی درخواست خارج کرنے کا فیصلہ جاری کیا۔
درخواست گزار کا موقف تھا کہ اس کی سابق بیوی آمنہ نے عدالت سے تنسیخ نکاح کا یکطرفہ فیصلہ لیا اور اگلے روز اسماعیل نامی شخص سے شادی کرلی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عدت مکمل کیے بغیر اگلا نکاح کرنا زنا کے زمرے میں آتا ہے اس لیے زنا کا مقدمہ درج کروایا جائے۔
عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزار کا موقف درست مان بھی لیا جائے تب بھی شادی باطل نہیں۔ عدت مکمل کیے بغیر ہونے والی شادی کو بے قاعدہ (فاسد) تو کہا جاسکتا ہے لیکن وہ باطل نہیں۔ اس لیے جوڑے کو زنا کا مرتکب قرار نہیں دیا جا سکتا۔