پنجاب: بارشوں کے باعث حادثات، 2 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق، 12 زخمی

Published On 08 January,2022 09:00 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں وقفے وقفے سے بارش اور تیز ہواؤں سے سردی بڑھ گئی۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، درجنوں فیڈر ٹرپ کرگئے۔ وزیراعظم نے بلوچستان میں نقصانات پر رپورٹ طلب کرلی۔

 لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث حادثات میں دو بچوں اور خاتون سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ چھتیں گرنے کے واقعات گوجرانوالہ، قصور، چنیوٹ اور گجرات میں ہوئے۔

ملک کے اکثر علاقوں میں نئے سال کی پہلی بارش کے اسپیل سے رم جھم برسات۔ لاہور میں وقفے وقفے سے بادل کھل کر برسے، بارش اور تیز ہوا سے ٹھنڈ بڑھ گئی۔ نشیبی علاقے اور سڑکیں پانی سے بھر گئیں۔ لیسکو کا ترسیلی نظام بھی شدید متاثر ہوا، کئی علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم رہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی میں بھی تیز بارش ہوئی، گوجرانوالہ، ننکانہ صاحب، سانگلہ ہل، منڈی بہاؤالدین، چشتیاں، دنیا پور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بھی آسمان سے کھل کر پانی برسا۔

کوئٹہ، تربت، سبی، لسبیلہ سمیت بلوچستان کے متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ لسبیلہ کے علاقے اوتھل میں چھت گرنے سے تین بچے جاں بحق ہو گئے۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے صوبے میں بارشوں سے نقصانات پر رپورٹ مانگ لی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج، نیوی اور ایف سی کے دستوں نے گوادر میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے خیمے، کمبل اور راشن پہنچایا۔ سی وی ون تھرٹی طیاروں کے ذریعے پسنی میں بھی امدادی سامان پہنچایا گیا۔

 

Advertisement