لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کیسے لڑنا ہے ؟ پی ٹی آئی کی منصوبہ بندی فائنل کرلی گئی ، انتخابات سے پہلے تمام سرکاری محکموں میں خالی آسامیاں پر کر نے کا فیصلہ کرلیا گیا ، ڈیلی ویجز بھر تیوں کیلئے بھی ارکان اسمبلی کا کوٹہ ہوگا ، تیاریوں کی رپورٹ ہر ماہ وزیر اعظم کو بھجوائی جائے گی ۔
پاکستان تحر یک انصاف کی پنجاب ایڈوائزری کونسل کے اجلاس کی اندورنی کہانی دنیا نیوز سامنے لے آیا جس کے مطابق ایڈوائزری کو نسل کا ہرماہ کے پہلے ہفتے ایوان وزیر اعلیٰ میں اجلاس ہوگا ، بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کی رپورٹ ہر ماہ وزیر اعظم کو بجھوائی جائے گی جبکہ بلدیاتی انتخابات سے پہلے تمام سرکاری محکموں میں خالی آسامیاں پر کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق ضلعی حکومتوں میں ڈیلی ویجز پر بھی بھر تیوں کیلئے اراکین اسمبلی کیلئے کوٹہ ہوگا جبکہ گور نر چودھری محمد سرور نے پنجاب بھر سے کارکنوں سے گور نر ہائوس میں ہفتہ وار میٹنگز کا اعلان کرتے ہوئے میرٹ پر تنظیم سازی پر زور دیا ۔
فواد چودھری اور راجہ یاسر ہمایوں بھی گور نر کے حامی دکھائی دیئے اورپارٹی کی تنظیم میں پہلے عہدو ں پر رہنے والوں کے بجائے نئے لوگوں کو سامنے لانے کا عہد کیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ تر قیاتی فنڈز کو سو فیصد یقینی بنانا میری ذمہ داری ہے جو پوری کروں گا جبکہ انہوں نے بلدیاتی اداروں کے ایڈ منسٹرز کو اراکین اسمبلی کیساتھ ملکر فنڈز استعمال کر نے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں اعجاز چودھری کی سر براہی میں کام کر نیوالی تنظیم پر شدید تنقید پر اعجاز چودھری نے ناراضگی کا اظہار کیا۔