اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے قومی اسمبلی میں خطاب کے بعد قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو شدید تنقید کا نشانہ بنا دیا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف کی قومی اسمبلی میں تقریر کے بعد خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ خیال تھا سانحہ مری پریکجہتی کا ماحول پیدا کریں گے، بدقسمتی سے ایسے لیڈرجعلی طریقے سے پیدا ہوتے ہیں، 30، 30 سال حکومتیں کر کے یہ لوگ پھر بھی لیڈرنہیں بن سکے، بونے ہیں، ان کے قد نہیں بڑھ ہوسکتے، کوئی حیثیت نہیں،
قومی اسمبلی میں فواد چودھری نے شور کرنے والے اپوزیشن اراکین کو ’’چمچے، کھڑچھے قرار دیتے ہوئے کہا کہ شریف فیملی اپنے محلات نہ بناتی تو آج ہمیں یہ دن نہ دیکھنا پڑتے، شہباز شریف نے حادثے پر شعبدہ بازی کی لیکن کہنے کو کچھ نہیں تھا۔ سانحہ مری پرہرآنکھ اشکبارہے، یہ چھوٹے دل کے لوگ ایوان میں آگئے ہیں، ہمارے ورکرزریسکیوکام کر رہے تھے، وہاں (ن) لیگ کا ایک ایم این اے مری نہیں گیا، ایک لاکھ 64 ہزارگاڑیاں مری میں داخل ہوئیں، 24 گھنٹے کے اندر ریسکیو کام کو مکمل کیا گیا۔
شہبازشریف کی طرف سے سانحہ مری پر طنز کے جواب پر فواد چودھری نے لیگی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لاش پر لاش گری، نیند نہ ٹوٹی تیری، حاکم وقت تیری دیدہ دلیری کوسلام!
انہوں نے کہا کہ آج عدالت سے چھٹی لیکر ایوان آئے تھے، مجھے خیال تھا آج وہ لیڈرکی طرح خطاب کریں گے لیکن شہباز شریف نے ثابت کیا وہ شعبدہ بازہیں۔ اپوزیشن لیڈرکویاد کرانا چاہتا ہوں جب یہ وزیراعلیٰ تھے تو سو بچے آکسیجن نہ ملنے پر جان سے گئے، ان کے دور میں آگ لگنا معمول کی بات ہے، ماڈل ٹاؤن میں فائرنگ ہو رہی تھی، بادشاہ سلامت نے فرمایا ٹی وی پر دیکھا فائرنگ ہو رہی ہے، روک دو، ان کی تمام ترقی اپنے گھروں کے اردگرد ہوئی۔