اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسد عمر نے کہا ہے کہ کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کے مکمل آپریشنل ہونے کے پہلے روز 20 ہزار 646 شہریوں نے سفر کیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر منصوبے میں نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کو مدعو کرنے کی منظوری پر کام تقریبا مکمل ہوچکا، کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ ہمیشہ کیلئے بدل جائے گی۔
20,646 citizens used the modern greenline buses in karachi yesterday on the very first day of its normal commercial operation. . Work on finalizing KCR project for approvals to invite private sector investors also almost complete. Public transport in karachi will change forever
— Asad Umar (@Asad_Umar) January 11, 2022
خیال رہے گزشتہ روز گرین لائن بس منصوبہ مکمل طور پر آپریشنل ہوا، جس کے بعد اکیس کلومیٹر طویل ٹریک پر 80 بسیں چلائی گئیں۔ کرایہ 15 سے 55 روپے رکھا گیا۔ ٹکٹ کے لیے ریچارج ایبل کارڈز بھی دستیاب ہیں۔
18 میٹر لمبی بسوں میں 40 نشستیں ہیں۔ کھڑے ہو کر اور نشستوں پر بیک وقت 150 افراد سفر کرسکیں گے، زیادہ رش کی صورت میں 190 مسافروں کی گنجائش ہوگی۔ بسوں میں معذور افراد کے لیے جگہ خصوصی ہے اور خودکار ریمپ نصب ہے۔ ہر بس میں دو وہیل چیئرز کی جگہ مخصوص ہے۔
کراچی گرین لائن منصوبے کے لیے بسیں فراہم کرنے والی کمپنی کے مطابق کراچی کی بسیں لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں چلنے والی بسوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ جدید ہیں۔
یہ بسیں یورو تھری معیار کی اور ہائبرڈ ہیں، ان میں ڈیزل کے ساتھ خودکار طریقے سے چارج ہونے والی بیٹری بھی استعمال ہوگی جس سے ایندھن کی بچت کے ساتھ ماحول کو بھی فائدہ ہوگا۔ بسوں میں خصوصی سسٹم نصب ہے جو انجن میں آگ لگنے کی صورت میں خودکار طریقے سے آگ بجھائے گا۔
واضح رہے گرین لائن منصوبہ کی تعمیرات ن لیگ کے دور میں 2016 میں شروع ہوئی تھیں۔ 16 ارب روپے لاگت والا منصوبہ ایک سال کی مدت میں مکمل ہونا تھا۔ مگر گرین لائن 4 سال کی تاخیر کے بعد 35 ارب روپے سے مکمل کیا گیا۔