کراچی: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ نے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کو خط لکھا ہے جس میں انہیں دھمکی آمیز پیغامات ملنے کی تحقیقات اور مناسب سکیورٹی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے دھمکی آمیز ویڈیو کے خلاف ارسال خط کی کاپیاں مختلف اداروں کو بھی بھیج دیں جن میں کہا گیا ہے کہ کچھ روز قبل سوشل میڈیا گروپس پر دھمکی آمیز ویڈیو اپ لوڈ کی گئی تھی۔ پولیس بلٹ پروف جیکٹ، رائفل، پستول اور ہتھکڑیاں دکھائی گئی تھیں۔
ویڈیو میں پس پردہ شخص خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر رہا ہے، حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ظاہر کیا گیا کہ سندھ پولیس اہلکار مجھ سے ناراض ہیں۔ میں عوام پر پولیس کی زیادتیوں کو نمایاں کرتا ہوں اس لئے طنزیہ دھمکیاں دی گئیں۔ تاثر دیا گیا کہ جانی حملے کی کوشش کو پولیس اہلکار کی انتقامی کارروائی سمجھا جائے۔
خط میں مزید کہا کہ معاملے کی جلد از جلد تحقیقات کی جائیں تا کہ حقائق سامنے آئیں۔ گزشتہ ماہ واٹس ایپ پر غیرملکی نمبر سے دھمکی آمیز پیغامات بھی مل چکے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ دھمکی آمیز پیغامات کے معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ خطرات کے باعث مناسب سکیورٹی فراہم کی جائے۔