ن لیگ اور زرداری گروپ کا 2023 کا انتخاب آخری الیکشن ثابت ہوگا: فواد چودھری

Published On 14 January,2022 11:07 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ ن لیگ اور زرداری گروپ کا 2023 کا انتخاب آخری الیکشن ثابت ہوگا۔

وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان میں اپوزیشن کو ایک بار پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا، انشاللہ 2023 کے انتخابات میں یہ چہرے پارلیمان سے مکمل باہر ہوں گے۔ اُنہوں نے اپنے ٹویٹ میں شاکر شجاع آبادی کا شعر بھی لکھا  توں شاکر آپ سیانا ایں۔۔ ساڈے چہرے پڑہ حالات نہ پچھ ۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی میں غیر پارلیمانی اور غیر جمہوری رویئے کا مظاہرہ کیا، ناکام ترین اپوزیشن نے پارلیمانی روایات کی دھجیاں اڑائیں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کا شور مچانا ان کی فرسٹریشن کو ظاہر کرتا ہے، شور مچا کر اپوزیشن عناصر نے اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت دیا، نااہل اپوزیشن صرف پوائنٹ سکورنگ کی کوشش میں مصروف ہے، اپوزیشن جماعتوں کا غیر جمہوری رویہ قابل مذمت ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن کی قسمت میں رونا لکھا ہوا ہے اور یہ آئندہ بھی روتے رہیں گےِ، فنانس ترمیمی بل کے ذریعے عام آدمی پر بوجھ نہیں ڈالا گیا، اپوزیشن کا کام صرف عوام کو گمراہ کرنا رہ گیا، سیاسی بیروز گار فرسٹریشن کا شکار ہیں اور صرف پراپیگنڈا کر رہے ہیں، جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے، فتح ہمیشہ سچ کی ہوتی ہے، جھوٹ کی سیاست کا وقت گزر گیا، اب تبدیلی کا دور ہے۔
 

Advertisement