اسلام آباد: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے گیس بندش اور پریشر کی کمی کے خلاف وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کو خط لکھ دیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ تین سالوں سے تسلسل کے ساتھ سندھ کی گیس پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔
سندھ حکومت کے محکمہ توانائی کی جانب سے لکھے گئے خط میں صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ وفاق کے پاس صلاحیت نہیں تو سوئی سدرن گیس کمپنی ہمارے حوالے کر دے، حماد اظہر صاحب ہم گیس کی پیداوار اور درست تقسیم کر کے دکھا سکتے ہیں، صوبے کو گیس پیدا کرنے کے باوجود حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ نومبر سے سندھ میں گیس کی بندش اور لو پریشر سے شہری مشکلات میں ہیں، کراچی کے شہری ملازمتوں اور بچے بھوکے اسکول جانے پر مجبور ہوگئے ہیں، کراچی سمیت سندھ کے شہری لکڑی، کوئلے، سلنڈر استعمال کر رہے ہیں، دو ماہ سے سندھ کا سی این جی سیکٹر بند، لاکھوں مزدور بیروزگار ہوگئے، سی این جی بندش سے کراچی میں رکشہ، ٹیکسی اور پبلک ٹرانسپورٹ بند ہیں، سندھ کی گیس ضرورت 750 اور فراہمی 560 ایم ایم سی ایف ڈی ہے۔