اسلام آباد: (دنیا نیوز):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم بڑے شہروں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں کیونکہ بڑے شہر قومی معیشت کی ترقی کا حقیقی محرک ہیں، متعلقہ حکام بڑے شہروں کی ترقیاتی سکیموں کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بڑے شہروں کی منصوبہ بندی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر فواد چودھری، وزیر صنعت خسرو بختیار، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے شرکت کی جبکہ گورنر پنجاب چودھری سرور، وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں سے شہری علاقوں میں آباد کاری کی وجہ سے بڑے شہروں کو کئی چیلنجوں کا سامنا ہے ان میں ہائوسنگ،ملازمتوں کے مواقع اور شہری ضروریات کی کمی ہو رہی ہے لہذٰایہ ضروری ہے کہ بڑے شہروں کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکیج پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔
وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ بڑے شہروں کے رہائشیوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچانے کے لئے مختلف ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ہرممکنہ اقدامات یقینی بنائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کراچی،لاہور،ملتان،فیصل آباد،راولپنڈی اور گوجرانوالا جیسے بڑے شہروں کی ترقی اور بہتری کے لئے باہمی رابطہ رکھیں اور مربوط مہم چلائی جائے۔