اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی سے پاکستان میں جاپانی سفیر مسٹر واڈا میٹسو ہیرو نے ملاقات کی۔
ملاقات میں جاپانی سفیر مسٹر واڈا میٹسو ہیرو نے پاکستان کیلئے جاپان کی جانب سے تعاون کو مزید بڑھانے کیلئے اپنی بھرپور ذاتی کوششوں کا یقین دلایا ملاقات میں وفاقی سیکرٹری برائے آبی وسائل کاظم نیاز بھی شریک ہوئے۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ پاکستان قومی ترقی باالخصوص واٹر سیکٹر میں جاپانی تعاون پر شکر گزار ہےواٹر مینجمنٹ اور فلڈ کنٹرول میں جاپانی امداد اور تکنیکی تعاون بے حد مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔
مونس الٰہی نے کہا کہ جائیکا کے تحت پاکستانی آبی ماہرین کی تربیت، موسمی پیش گوئی کے سٹیٹ آف دی آرٹ نظام کی فراہمی اور کئی شہروں میں نکاسی آب کے منصوبے پاک جاپان دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں امید ہے حکومت جاپان آبی وسائل کی ترقی کیلئے ماضی کی طرح مستقبل میں بھی پاکستان کی بھرپور معاونت جاری رکھے گی۔