چودھری پرویزالٰہی کا وزیراعظم کو اپوزیشن کے جال سے دور رہنے کا مشورہ

Published On 25 January,2022 03:34 pm

لاہور: (دنیا یوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے وزیراعظم کو اپوزیشن کے جال سے دور رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے جال میں پھنسنے کے بجائے حکومت ٹھنڈے دل سے فیصلے کرے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ حکومت میں رہتے ہوئے اپوزیشن لیڈر جیسے بیانات سے حکومت کی اپنی سیاسی پوزیشن کمزور ہوتی ہے، اپوزیشن کی حکمت عملی ہمیشہ یہی ہوتی ہے کہ حکومت کو مشتعل کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دے، اتحادی جماعتوں نے ہر مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دے کر اس کو اپوزیشن کے پنجوں سے چھڑایا ہے، اپوزیشن جیسے بیانات سے انتظامی مشینری کا مورال ڈاؤن ہوتا ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اپوزیشن کی حکومت کے خلاف ہمیشہ یہی حکمت عملی ہوتی ہے کہ ہر مسئلے پر حکومت کو زچ کرے، حکومت کی سلامتی اور بھلائی اسی میں مضمر ہے وہ اپوزیشن کے جال میں نہ آئے، حکومت کو عوام نے پانچ سال کا مینڈیٹ دیا، جس میں ابھی پونے دو سال باقی ہیں، اپوزیشن اگر جمہوریت پر یقین رکھتی ہے تو اس کو چاہئے کہ حکومت کے اس عوامی مینڈیٹ کا احترام کرے۔
 

Advertisement