لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف کا پارٹی قائد نواز شریف اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق لیگی صدر شہبازشریف نے پیپلز پارٹی کی قیادت سے ملاقات کے بعد پارٹی قائد نوازشریف سے ٹیلی فون پر تفصیلی گفتگو کی اور سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
شہبازشریف نے پی پی پی قیادت سے ہونے والی مشاورت پر نوازشریف کو اعتماد میں لیا اور مشاورت کی۔
نوازشریف سے مشاورت کے بعد شہبازشریف نے 7 فروری کو پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلالیا ہے، شہباز نے ٹیلی فون پر فضل الرحمن سے بھی گفتگو کی۔شہباز نے زرداری اور بلاول سے ہونے والی بات چیت سے پی ڈی ایم سربراہ کو آگاہ کیا۔
قائد حزب اختلاف نے پی ڈی ایم سربراہ کو بتایا آنے والے دنوں میں بالمشافہ ملاقات میں بھی انہیں اعتماد میں لیں گے۔ دونوں قائدین کی بات چیت کی روشنی میں پی ڈی ایم کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ پی ڈی ایم اجلاس بلانے کے لئے تاریخ کا اعلان مشاورت سے کیاجائے گا۔