لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب میں بلدیاتی بل کی منظوری کے چیلنج کو لیکر حکومت پنجا ب کی ٹیم نے قائم مقام گورنر چودھری پرویز الہیٰ سے ملاقات کی جس میں آئندہ بلدیاتی انتخابات براہ راست کروانے پراتفاق کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کے سپیکر چودھری پرویز الہیٰ سے حکومت پنجاب کی ٹیم نے ملاقات کی، ملاقات میں پنجاب کے بلدیاتی بل کی قائمہ کمیٹی اور ایوان سے منظوری کے حوالے سے مشاورت کی گئی جبکہ تحریک انصاف اورمسلم لیگ (ق ) کے درمیان بل کی منظوری کے لئے لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں میئر، نیبر ہڈ اورویلج کونسل کے انتخابات ایک ہی دن کروانے، مخصوص نشستوں اور کونسلرز کی فہر ستیں الیکشن کے بعد دینے پر اتفاق کیا گیا، مخصوص نشستوں اور کونسلرز کی سکروٹنی پہلے ہوگی جبکہ مسلم لیگ ق نے نئے بلدیاتی نظام میں میونسپل کمیٹی اور ٹاؤن کمیٹی کی بحالی کی حمایت کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق بلدیاتی نظام میں میونسپل اور ٹاؤن کمیٹی کی بحالی کی تجویز قیادت کے سامنے رکھی گئی، ٹاؤن کمیٹی اورمیونسپل کمیٹی کی بحالی کے حوالے سے حتمی فیصلہ تحریک انصاف کی قیادت کی رائے کے بعد ہوگا جبکہ پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بلدیات کااجلاس منگل کے روز طلب کرلیا گیا ہے جس میں بل کا مسودہ زیر غور آئے گا۔
ذرائع نے نے بتایا کہ چودھری پرویز الہیٰ سے مشاورتی ملاقات میں وزیر قانون راجہ بشارت اور وزیر بلدیات میاں محمود الرشید، وفاقی وزیر مونس الہیٰ، ایم این اے سالک حسین، پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم خسرو بختیار اور وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت بھی شریک ہوئے۔