حکومتی اتحادی کے طور پر عوام کی بھرپور خدمت کر رہے ہیں: پرویز الہیٰ

Published On 09 February,2022 04:54 pm

لاہور:(دنیا نیوز) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ حکومت کے اتحادی پارٹنر کے طور پر ہم عوام کی بھرپور خدمت کر رہے ہیں۔

چودھری پرویز الہیٰ سے جرمن سفیر برن ہارڈ سٹیفن نے اسمبلی میں ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ جرمن سفیر نے سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔

اس موقع پر چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ جرمنی پاکستان کا بہترین بزنس پارٹنر ہے، آٹوموبائل انڈسٹری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت اور سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے جرمنی کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کرنا چاہیے۔

قائم مقام گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ای پارلیمنٹ کے قیام سے پیپر ورک ختم ہو گا اور اسمبلی زیادہ موثر انداز سے کام کر سکے گی ۔

برن گارڈ سٹیفن نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا اور مربوط اقدامات اٹھانے پر بھی اتفاق کیا ۔

جرمن سفیر کا کہنا تھا کہ ای پارلیمنٹ کے قیام کے لئے جرمن حکومت نہ صرف ٹیکنیکل بلکہ مالی طور پر بھی پاکستان کی مدد کر رہی ہے۔

ملاقات میں ایم این اے چودھری سالک حسین، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، ڈی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک اور سیکرٹری کوآرڈینیشن رائے ممتاز حسین بابر بھی شریک ہوئے۔

بعدازاں جرمن سفیر نے پنجاب اسمبلی کے ایوان کا دورہ بھی کیا۔