برلن: (روزنامہ دنیا) نیٹو کے سیکرٹری جنرل سٹولٹن برگ نے روس اور نیٹو اتحادیوں کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت دے دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جرمن چانسلر اوولف شولز سے بات چیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نیٹو روس کونسل میں مجوزہ مذاکرات کا سلسلہ جلد شروع ہو گا جن کا مقصد نہ صرف اپنے خدشات کا سدباب بلکہ روسی خدشات کو بھی سننا ہے۔
واضح رہے کہ یورپ کو خدشات لاحق ہیں کہ روس یوکرین پر حملہ کرنا چاہتا ہے، قبل ازیں جرمن وزیر خارجہ نے روس کو یوکرین پر حملے کی صورت میں بھاری قیمت چکانے کی دھمکی دی تھی۔ ماسکو کے دورے کے دوران روسی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس میں جرمن وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ برلن اپنی اقدار کے تحفظ کی خاطر اپنا معاشی نقصان بھی برداشت کرلے گا۔