لاہور: (دنیا نیوز) حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ احتساب کا نعرہ لگانے والوں نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا، جھوٹ پر جھوٹ بولنے سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا، کمر کس لی، اب حکمرانوں پر عدم اعتماد ہوگا، پی ڈی ایم فیصلہ کرے گی تحریک عدم اعتماد پہلے وفاق میں آئے گی یا صوبے میں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 4 سال میں کرپشن انڈیکس میں 16 پوائنٹس اضافہ ہوا، عمران نیازی کو پتہ نہیں چلتا، جو پرچی پر لکھا آتا ہے بول دیتے ہیں، عمران نیازی کل بھی رو رہے تھے، پرانے راگ الاپ رہے تھے، عمران نیازی کے جھوٹوں سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا، آئی ایم ایف کی شرائط مان کر ایٹمی قوت کو زنجیروں میں جکڑ دیا گیا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عوام سے 50 لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں کا جھوٹ بولا گیا، سیاستدانوں کا رابطہ تمام سیاستدانوں سے ہونا چاہیے، عمران نیازی نے نئی روایت ڈالی کہ کسی سے ہاتھ نہیں ملاؤں گا، تنہا جماعت چیلنجز کا مقابلہ نہیں کرسکتی، 22 ماہ اکاؤنٹ منجمد رکھنے کے بعد برطانوی عدالت نے شہباز شریف کو کلین چٹ دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی دوبارہ سے سر اٹھا رہی ہے، سکیورٹی فورسز نے قربانیاں دے کر دہشتگردی پر قابو پایا۔