لاہور: (دنیا نیوز) نیب نے شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی استدعا کر دی۔ عدالت نے نیب کے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 19 نومبر تک ملتوی کر دی۔
احتساب عدالت میں شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے جبکہ شہباز شریف کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دی گئی۔ نیب کے تین گواہوں پر نصرت شہباز کی حد تک دوبارہ جرح کی گئی۔
دوران سماعت نیب کے سینیر وکیل خلیق الزماں نے ریفرنس پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کی استدعا کر دی۔ عدالت نے نیب کے دو گواہوں کو 19 نومبر کو طلب کر لیا۔ منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ کارکنوں نے حمزہ شہباز پر گل پاشی بھی کی۔