لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان 3 سالوں میں عوام کے سامنے حکمرانوں کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے، اپوزیشن تو موقع کی تلاش میں ہوتی ہے لیکن ہم انہیں بھاگنے نہیں دینگے۔
پنجاب اسمبلی کے چیمبر میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم ذمہ دار اپوزیشن کر رہے ہیں، ہم تنقید برائے تنقید کے قائل نہیں، موجودہ حکمرانوں کو سیاسی شہید بننے کا موقع نہیں دینا چاہتے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ یہ حکومت جان چھڑوانے کے بہانے تلاش کر رہی ہے لیکن ہم انہیں اپنا کندھا فراہم نہیں کرینگے۔ انہوں نے قوم سے جو جھوٹ بولے ہیں، اس پر وہ ایکسپوز ہو رہے ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ ہمیں بھی لوگ کہتے تھے کہ زرداری کو اندر کر دیں لیکن اگر ہم بھی اس کام میں پڑ جاتے تو 12 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے، 3 میٹروز اور دیگر ترقیاتی منصوبے نہ بنتے۔
ان کا کہنا تھا کہ3 سالوں میں یہ حکمران سوائے انتقام کے کچھ نہ کر سکے، جب استعفوں کا فیصلہ ہوا تو میں جیل میں تھا۔ پی ڈی ایم کا فیصلہ مشترکہ استعفوں کا تھا۔ شہباز شریف اپوزیشن کو پارلیمان کے اندر متحد کر چکے ہیں، آئندہ بھی اپوزیشن سے مل کر مشترکہ فیصلے کئے جائیں گے۔