لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ڈسکہ کے عوام ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کوووٹ دے کر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل پر مہر لگائیں گے۔ شہری، مسلم لیگ (ن) کا ہر کارکن اور سپورٹر ووٹ کا پہرہ دے گا۔ حکومت غنڈہ گردی، غیر قانونی ہتھکنڈے استعمال کرنے سے باز رہے۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈسکہ الیکشن میں ووٹ چوری، دھاندلی میں ملوث سرکاری افسران کے خلاف فوجداری قانون کے تحت کارروائی کریں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جو بھی عوام کے مینڈیٹ پر شب خون مارے گا، اسے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔ ڈسکہ میں الیکشن کی ذمہ داری پر مامور افسران اور عملہ آئین اور قانون کے مطابق شفاف انتخاب، عوام اور ووٹ کی حفاظت یقینی بنائے۔
ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی کرانے کا حکومتی حکم ملے تو الیکشن ڈیوٹی پر مامور افسران اور عملہ اسے ماننے سے انکار کر دے۔ انتخابی ووٹ اور ڈبے کے ساتھ کھلواڑ عوام اور پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہوگا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ کاؤنٹر فائلز کی کڑی نگرانی کی جائے۔ میں خبردار کرتا ہوں کہ عوام ایسی کسی بھی کوشش کی سخت مزاحمت کریں گے۔ یہ صرف ڈسکہ کا نہیں، پورے پاکستان کا الیکشن ہے، ووٹ چوروں کی شکست ان کی اقتدار سے روانگی کا ذریعہ بنے گی۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 10 اپریل کو ایک بار پھر ڈسکہ کے عوام کی فتح کا سورج طلوع ہوگا۔ عوام ووٹ کے ذریعے مہنگائی، بے روزگاری کا ظلم ڈھانے والے لٹیرے حکمرانوں کو مسترد کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈسکہ کے عوام کا ہر ووٹ ضمیر فروش، آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی چور کرپٹ ٹولے سے نجات کا باعث بنے گا۔ ڈسکہ کے عوام نے ثابت کر دیا کہ وہ بیدار، خبردار اور ووٹ کی عزت کے رکھوالے ہیں۔