عوام کو فوری طور پر رمضان ریلیف پیکج دیا جائے، حمزہ شہباز کا حکومت سے مطالبہ

Published On 08 April,2021 05:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز شریف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر عوام کے لئے رمضان ریلیف پیکج جاری کرے۔

حمزہ شہباز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی آمد آمد ہے لیکن اب تک نااہل حکومت رمضان پیکج بھی عوام کو نہیں دے سکی۔

انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے بیانات اور دعووں کے بجائے عمران خان عوام کے لئے فوری رمضان پیکج کا اعلان کریں۔ افسوس اور نااہلی کی انتہا ہے کہ ابھی تک عوام کو ریلیف کی فراہمی میں حکومت ناکام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار، سفید پوش اور کمزور طبقات کے لئے خصوصی اقدامات کرتے ہوئے ان کی مجبوریوں کا احساس کیا جائے۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی آمد سے قبل عوام کو اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائی جائے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ روزہ داروں کو اشیائے ضروریہ کی مناسب دام پر فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ عوام کورونا، معیشت کی تباہی، بے روزگاری اور مہنگائی کی چکی میں بری طرح پس رہے ہیں۔

حمزہ شہباز شریف نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بڑے بڑے دعوے کرنے والے عمران خان رمضان میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کریں۔ آٹا، چینی، کھجوروں، گھی، انڈے، مرغی اور سبزیوں کی قیمتوں میں فوری کمی لائی جائے۔
 

Advertisement