عوام 2023ء میں پی ٹی آئی کو سمندرمیں غرق کردیں گے: حمزہ شہباز

Published On 04 October,2021 05:01 pm

راجن پور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ بجلی، کھاد کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں، مہنگائی کی بھٹی میں جھونکنے والوں کوالیکشن میں حساب دینا ہوگا، عوام 2023ء میں پی ٹی آئی کو سمندرمیں غرق کردیں گے۔

ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ راجن پورمیں ترقیاتی کام (ن) لیگ کی حکومت میں ہوئے، موقع ملا توروجھان، ڈیرہ اسماعیل خان روڈ کوایکسپریس وے بنائیں گے۔ جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کے30فیصد کوٹے کوموجودہ حکومت نے ختم کردیا، اب ان کا حساب ہوگا

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایک کروڑنوکریوں کا جھانسہ دیا، عوام کومہنگائی کی بھٹی میں جھونکنے والوں کوالیکشن میں حساب دینا ہوگا، عوام 2023ء میں (ن) لیگ کو کامیاب کر کے پی ٹی آئی کو سمندر میں غرق کر دیں گے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتیں دگنا ہوچکی ہے، آج کسان پریشان ہے،کھاد کی بوری 2300 سے 7ہزارتک پہنچ گئی ہے۔ یہ ظلم کسان نہیں پنجاب کے ساتھ ہے، اللہ نے موقع دیا توکسانوں کی ترقی کے لیے دن رات محنت کریں گے۔ ہم نے جنوبی پنجاب کےعوام کی خدمت کی۔ جنوبی پنجاب میں سیلاب آیا تومیرے والد شہبازشریف نے یہی ڈیرے لگالیے تھے، سڑکیں، ہسپتال مسلم لیگ (ن)کی حکومت میں بنائے گئے۔
 

Advertisement