بہاولپور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے جھوٹوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے، عوام جھوٹے وعدوں پر حکمرانوں کو سزا سنائیں گے اور ظالم حکومت سے جلد چھٹکارا ملے گا۔
قائد حزب اختلاف پنجاب حمزہ شہباز نے لودھراں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چودھری شجاعت کے ساتھ عزت و احترام کا رشتہ ہے ،سربراہ ق لیگ اور میں نے 6 مہینے اکٹھے جیل کاٹی ہے۔
صحافی نے سوال کیا کہ 18 فروری کو شہباز شریف اور آپ پر فرد جرم عائد کی جارہی ہے ، جس پر جواب دیتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم پر پہلے ہی فرد جرم عائد ہو چکی ہیں، صاف پانی کیس میں شہباز شریف سمیت 16 ملزمان کو بری کردیا ہے، عمران نیازی کے جھوٹوں کی تعداد روز بروز بڑھتی جارہی ہے، عوامی عدالت نے ایک فرد جرم عمران نیازی پر عائد کر دی ہے ۔
حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریوں کے وعدے پر بہت جلد عوام اسے سزا سنائیں گے، عوام کے بچے بھوکے اور مزدور بے روزگار ہیں، دیہاڑی دار جب گھر جاتا ہے تو جیب میں پیسے نہیں ہوتے، عوام کی آنکھوں میں خون دیکھ رہا ہوں، الله اس ظالم حکومت سے نجات دلائے تاکہ عوام کے لئے مل بیٹھ کر کچھ اچھا سوچا جا سکے۔
صحافی نے سوال کیا کہ عدم اعتماد کی تاریخ تو بتادیں؟ جس پر انہوں نے کہا کہ اگر عدم اعتماد کی تاریخ آپ کو بتا دی تو میں کیا کروں گا۔
حمزہ شہباز نے سابق رکن صوبائی اسمبلی رفیع الدین شاہ سے ان کے سسر کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔