پشاور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے 13 اضلاع میں ری پولنگ کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں جس میں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق میئر پشاور کی نشست پر جے یو آئی کے زبیر علی نے پی ٹی آئی کے امیدوار کو شکست دے دی ہے۔
میئر پشاور
ری پولنگ الیکشن میں میئر پشاور کی نشست کے لئے جے یو آئی کے زبیر علی 6 پولنگ سٹیشنز سے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے مزید 1030 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے۔
گذشتہ الیکشن میں زبیر علی نے 62 ہزار 388 ووٹ حاصل کئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے رضوان بنگش 50 ہزار 6 سو 59 ووٹ حاصل کئے تھے، ری الیکشن کے دوران زبیر علی نے برتری حاصل کی اور ان کے ووٹوں کی تعداد 63 ہزار 418 ہوگئی جبکہ رضوان بنگش 7 سو 36 ووٹ حاصل کرکے کل 51 ہزار 395 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
چیئرمین تحصیل کونسل بانڈہ داؤد شاہ
تحصیل کونسل بانڈہ داؤد شاہ کی چیئرمین کی سیٹ پاکستان تحریک انصاف کے نام رہی، 4 پولنگ سٹیشنز پر ری پولنگ کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق پی ٹی آئی کےعنایت اللہ خٹک ایک ہزار، 256 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جے یو آئی (ف) کےخالدخٹک 826 ووٹ لے سکے، عنایت اللہ خٹک کے ووٹوں کی تعداد 14 ہزار 534 ہوگئی جبکہ جے یو آئی (ف) کے خالد خٹک کے ووٹوں کی تعداد 12 ہزار 956 ہوگئی۔
چیئرمین تحصیل کونسل باڑہ
چیئرمین تحصیل کونسل باڑہ کی سیٹ جے یو آئی (ف) نے جیت لی، 5 پولنگ سٹیشنز پر ری پولنگ کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق آزاد امیدوارعبدالرزاق آفریدی 985 ووٹ لے سکے، جے یو آئی (ف) کے مفتی محمد کفیل 535 ووٹ حاصل کرسکے اورکل 8 ہزار 75 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل عبدالرزاق آفریدی 7 ہزار 719 ووٹ لے سکے۔
تحصیل کرک
کرک تحصیل کے 14پولنگ سٹیشنز پر ری پولنگ کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق میں پی ٹی آئی کےعظمت خٹک 3578 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، اے این پی کے عبد الرحمان نے 2460 ووٹ لیے، عظمت خٹک نے 150 پولنگ سٹیشنز پر 20 ہزار 22 ووٹ لیے، اے این پی کے عبد الرحمان کو 16 ہزار 219 ووٹ پڑے۔
تحصیل کونسل خار
ضلع باجوڑ کی تحصیل کونسل خار میں 188 پولنگ سٹیشنز کے نتائج مکمل ہوگئے جس کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے سید بادشاہ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ میں کامیاب ہوگئے، انہوں نے 18 ہزار 732 ووٹ حاصل کئے، جماعت اسلامی کے صاحبزادہ ہارون الرشید نے 18 ہزار 38 ووٹ لیے۔
تحصیل چیئرمین درہ آدم خیل
کوہاٹ کی تحصیل چیئرمین درہ آدم خیل غیرحتمی نتیجہ اور غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق آزاد امیدوار شاہد بلال 2279 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، آزادامیدوار ابرار محمد آفریدی نے 1089ووٹ حاصل کیے۔
قبل ازیں پشاور سمیت چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند، مردان، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بونیر اور باجوڑ میں مجموعی طور پر پانچ سو سے زائد پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے تھے۔ لوکل باڈی الیکشن میں سات لاکھ سے زائد ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے، ڈیرہ اسماعیل خان میں میئر کی نشست کا انتخاب مرکز نگاہ ہے۔
الیکشن کے دوران بعض علاقوں سے دنگا فساد کی رپورٹس بھی ملیں۔ تحصیل کرک میں دبلی لواغر اور شگی لواغر کے خواتین کے بیلٹ باکسز کو آگ لگا دی گئی۔
ذرائع کے مطابق برقع پوش نامعلوم خواتین نے ووٹ پول کے بہانے بیلٹ باکس میں آتش گیر مواد ڈال دیا جس سے بیلٹ باکس میں آگ لگ گئی، آگ لگنے کے بعد پولنگ سٹیشنز میں بھگدڑ مچ گئی، سٹاف اور خواتین پولنگ کے احاطے میں محصور ہوگئیں۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال کر حالات کو قابو کیا۔
کندہ باجی خیل پولنگ سٹیشن پر مقامی لوگوں نے بائیکاٹ کر دیا اور تمام نشستوں پر ووٹنگ کا مطالبہ کر دیا۔ پشاور کے گل بہار قادر اباد پولنگ سٹیشن میں بھی ہنگامہ آرائی کی اطلاعات ملیں۔
ری پولنگ میئرسٹی ، تحصیل چیئرمین، نیبرہڈ اورویلیج کونسل کی نشستوں پر ہو رہی ہے، انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ سٹیشنز پر توڑ پھوڑ، ہنگامہ آرائی اور امیدواروں کی وفات کے باعث پولنگ روک دی گئی تھی۔