اسلام آباد: (دنیا نیوز) 23 برس بعد کسی بھی پاکستانی وزیراعظم کا دورہ روس کا شیڈول سامنے آ گیا، عمران خان 24 فروری کو ماسکو کا دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا دورہ روس دو روز پر مشتمل ہوگا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبدالرزاق داود ،معاون خصوصی معید یوسف ہمراہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے، وزارت صنعت و پیداوار، وزارت توانائی سمیت مختلف شعبوں میں معاہدے ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی دعوت پر دورہ کریں گے، دورہ روس میں ولادیمیر پیوٹن دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان دفاع،سلامتی،تجارت اور توانائی کے شعبے میں روس کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سرد جنگ کے بعد سابق وزیراعظم میاں نوازشریف، سابق صدر پرویز مشرف اور سابق صدر آصف علی زرداری ماسکو کا دورہ کر چکے ہیں۔
گزشتہ روز اسلام آباد میں سفیروں اور صحافیوں سے خصوصی نشست میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ روسی صدر پیوٹن سے میری ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی ہے، روس میں کوئی اسلامو فوبیا نہیں، میرے دورہ روس پر مسجد میں ایک پروگرام رکھا گیا ہے۔