لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی رئیس نبیل احمد نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت اور حلقے کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
رئیس نبیل احمد نے بہاولپور ڈویژن کے لئے نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجراء پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اظہار تشکر کیا
اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نازک حالات میں اپوزیشن کے انداز سیاست پر صدافسوس ہے۔ اپوزیشن حساس معاملات پر بھی منفی سیاست سے باز نہیں آئی۔ اپوزیشن نے اپنی مردہ سیاست کو زندہ کرنے کی مذموم کوشش کی۔ اپوزیشن ڈوبتی سیاست کے لئے مختلف سہارے ڈھونڈ رہی ہے۔ منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل انکی مشاورت سے حل کر رہے ہیں۔ ہر ضلع کا علیحدہ ترقیاتی پیکیج ترتیب دیا ہے۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی تجاویز کو بھی ترقیاتی پیکیج میں شامل کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت ترقی کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائے گی۔