پٹرول کی قیمت میں اضافہ: جماعت اسلامی کا 2 روزہ احتجاج کا اعلان

Published On 16 February,2022 12:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی نے پٹرول کی قیمت میں اضافہ کے خلاف 2 روزہ احتجاج کا اعلان کر دیا۔ سراج الحق نے کہا کہ جمعرات اور جمعہ کو ظالمانہ حکومتی اقدام کیخلاف احتجاج ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پٹرولیم مصنوعات میں ہوش ربا اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے غریب عوام پر ظلم کی تمام حدیں عبور کردیں، پٹرول کی قیمت میں 12 روپے لٹر اضافہ کو مسترد کرتے ہیں، حکومت قیمت کم ازکم پچاس فیصد کمی کرے، پٹرولیم مصنوعات پر لیوی، کسٹم ڈیوٹی ختم کر کے عوام کو سبسڈی دی جائے، حکومت کی غریب کش پالیسی جبر اور ناانصافی کی انتہا ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے احکامات پر عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسائے جا رہے ہیں، ڈیزل، کیروسین آئل، لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں دس سے بارہ روپے لٹر اضافہ نامنظور ہے، حکمران اشیائے خوردنوش، پٹرول، بجلی، ادویات کی ریٹس میں فوری پچاس فیصد کمی کرے۔
 

Advertisement