ایون فیلڈ ریفرنس کیس: نیب کی مہلت کی استدعا منظور، سماعت 21 مارچ تک ملتوی

Published On 17 February,2022 04:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے تیاری کیلئے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 21 مارچ تک ملتوی کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلوں پر سماعت کی۔

اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہاکہ کل نوٹی فکیشن جاری ہوا اور انہیں نیب کا سپیشل پراسیکیوٹر تعینات کیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ ریکارڈ دیکھنے کے لیے مہلت درکار ہے۔ چار ہفتوں کا وقت دیا جائے۔

عرفان قادر ایڈووکیٹ نے کہاکہ ایون فیلڈ ریفرنس کا بہت بڑا ریکارڈ ہے لیکن سارا غیر متعلقہ ہے،جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ یہ تو عدالت نے دیکھنا اور فیصلہ کرنا ہے۔

دوسری طرف عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو چار ہفتوں کی مہلت دیدی۔