اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور آسٹریا کے وفاقی چانسلر کارل نیہمر نے ٹیلیفون پر دوطرفہ تعلقات، افغانستان کی صورتحال اور خطہ میں امن و استحکام سے متعلق تبادلہ خیال کیا ہے۔
پاکستان اور آسٹریا کے درمیان اقتصادی تعلقات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعاون اور آسٹریا کی سرمایہ کاری کو سراہا اور اعلیٰ تعلیم، قابل تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت اور فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہری پور میں پاکستان آسٹریا فاچوچسول انسٹی ٹیوٹ برائے اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی دوطرفہ شراکت داری کا ایک مثال ہے ۔
انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو انسانی بحران سے بچنے اور افغانستان میں معاشی بدحالی کو روکنے کے لئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے ایک پرامن اور مستحکم افغانستان کے اہداف کے حصول کیلئے عملی رابطہ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
آسٹریا کے وفاقی چانسلر نے آسٹریا اور دیگر شہریوں کے انخلاء اور صورتحال سے مؤثر طریقہ سے نمٹنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے سے بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے وفاقی چانسلر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔