اپوزیشن کا عدم اعتماد کا خواب، خواب ہی رہ جائے گا: حسان خاور

Published On 18 February,2022 09:59 am

لاہور: (دنیا نیوز) حسان خاور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی پریشانی اور پشیمانی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، اپوزیشن کا عدم اعتماد کا خواب، خواب ہی رہ جائے گا۔

ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے اپنے بیان میں کہا کہ سیاسی بونوں کا چائے کی پیالی میں برپا کیا جانے والا طوفان آخری دموں پر ہے، اپوزیشن کے بلند و بانگ دعوے زمین بوس ہو رہے ہیں، اپوزیشن کو ذاتی مفاد اور لوٹ مار کیلئے ملکی ترقی و خوشحالی میں روڑے نہیں اٹکانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس کی پاکستان آمد باعث تحسین اور افتخار ہے، بل گیٹس نے پہلی بار پاکستان کا دورہ کیا، ان کی دنیا سے پولیو کے خاتمے کیلئے کاوشیں سنہری حروف میں لکھے جانے کے قابل ہیں۔

حسان خاور کا کہنا تھا کہ بل گیٹس کی پاکستان آمد وزیر اعظم عمران خان کی کامیاب خارجہ پالیسی کا مظہر ہے، بل گیٹس کی آمد سے پاکستان کا مثبت اور روشن چہرہ دنیا بھر میں اجاگر ہوا، بل گیٹس کا دورہ پولیو کے خاتمے اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے معاون ثابت ہوگا۔