وزیراعظم کیخلاف ووٹ دینے والا پی ٹی آئی کا رکن نااہل ہوجائیگا: پرویز خٹک

Published On 23 February,2022 07:13 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے نے اپوزیشن پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا جو بھی رکن وزیراعظم کے خلاف ووٹ دے گا وہ نااہل ہوجائے گا، تحریک عدم اعتماد اتنی آسان نہیں، سیاسی مخالفین محض دھوکا دے رہے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ جو ممبر پی ٹی آئی اور وزیراعظم کے خلاف ووٹ ڈالے گا وہ نااہل ہو جائے گا، جب ممبر نااہل ہوگا تو یہ اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکیں گے، اپوزیشن کو کہنا چاہتا ہوں کہ ہم سوئے ہوئے نہیں، اتنا آسان نہیں کہ ہمارے خلاف تحریک عدم اعتماد لائے، تحریک عدم اعتماد کا ڈرامہ بنا ہوا ہے اور اپوزیشن سے ڈبل ہم تیار ہیں۔

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں آرہی، صرف لوگوں کو دھوکہ دے رہے ہیں، ہم اپنے ممبران کے ساتھ رابطے میں ہیں، اپنی تیاری کی ہے اور ہر چیز کے لئے تیار ہیں، وزیراعظم عمران خان پانچ سال مکمل کرینگے اور ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جو مرضی کرلے، تحریک عدم اعتماد ناکام ہے اور رہے گی، اتحادی جماعتوں کا وزارت سے متعلق کوئی مطالبہ نہیں، اتحادی جماعتوں کے ساتھ وعدے پورے کرینگے، خوشی کی بات ہے جو ایک دوسرے کو گالیاں اور سڑکوں پر گھسیٹنے کی باتیں کرتے تھے آج وہ ایک ساتھ ہیں، اپوزیشن کو ڈر ہے کہ ان کے کیسز کھل جائیں گے۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کے درمیان کوئی فاصلے بڑھے ہیں؟ جس کے جواب میں پرویز خٹک نے کہا کہ جب تک وزیراعظم ہے ادارے ان کے ساتھ ہیں، اپوزیشن نے پھر ہارس ٹریڈنگ کی باتیں شروع کردی ہیں، کسی مخالف ایم این اے یا ایم پی اے کو ساتھ ملانا ہارس ٹریڈنگ ہے، نواز شریف ہارس ٹریڈنگ کی پیداوارہیں اور وہ پھر یہ کوشش کرنا چاہ رہے ہیں۔