لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اقتدار ہاتھ سے جاتا دیکھ کر انسان کس طرح ذہنی توازن کھو بیٹھتا ہے۔
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ اقتدار ہاتھ سے جاتا دیکھ کر انسان کس طرح ذہنی توازن کھو بیٹھتا ہے، اسکو نہ اخلاقی اقدار نہ دشمنی کا ظرف ہوتا ہے اور نہ ہی اپنے عہدے کی عزت کا کوئی پاس ہوتا ہے۔
اقتدار ہاتھ سے جاتا دیکھ کر انسان کس طرح ذہنی توازن کھو بیٹھتا ہے۔ اسکو نہ اخلاقی اقدار نہ دشمنی کا ظرف ہوتا ہے نہ اپنی عہدے کی عزت کا کوئی پاس ہوتا ہے۔پہلے اس نے سب کو گالیاں دیں اور پھر کہا ریاست مدینہ کہ بنیاد اخلاقیات تھی۔اللّہ پاکستان کو آپ کے شر سے محفوظ رکھے @ImranKhanPTI
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) March 6, 2022
اپنے ٹوئٹ میں مریم نواز نے مزید لکھا کہ پہلے اس نے سب کو گالیاں دیں اور پھر کہا ریاست مدینہ کی بنیاد اخلاقیات تھیں، اللّہ پاکستان کو آپ کے شر سے محفوظ رکھے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے میلسی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجرم نمبر ون نوازشریف جھوٹ بول کر باہر چلا گیا، بتایا جائے کبھی گیڈر بھی لیڈر بن سکتا ہے، گیڈر دوسری بار ملک سے فرار ہوا ہے، آصف زرداری نے کہا اٹک جیل میں ٹشو کے ڈبے ختم ہوگئے نوازشریف کے آنسوں صاف کرتے ہوئے، ملک کے تین بار کے وزیراعظم کے بچے کہتے ہیں ہم تو پاکستانی نہیں، شہبازشریف کا پتہ کرانا ہے تو مقصود چپڑاسی کو پکڑ کر لے آئیں، مقصود چپڑاسی کے بینک میں 375کروڑ روپے آگئے، یہ صرف پاکستان کو لوٹنے کیلئے آتے ہیں، ان کی عیدیں، گھراور جائیدادیں سب ملک سے باہر ہیں، شہبازشریف نے بیٹے کو اور مقصود چپڑاسی کو باہر بھجوادیا، شہبازشریف ڈرے ہوئے ہیں کہ ان کا کیس آنے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میں آئے تو ملک کا دیوالیہ ہوچکا تھا، ہم نے بہتر طریقے سے کورونا وائرس کے بحران سے اپنے ملک کو بچایا، کورونا کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان آگیا، امریکہ میں 40 سال کے بعد سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے،ہم نے عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم ڈالنے کی پوری کوشش کی، ایف بی آر نے ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا، جتنا ٹیکس دیں گے وہ سارا عوام پر بوجھ کم کرنے پر لگاؤں گا، یہ بھگوڑا جو لندن میں بیٹھا ہوا ہے اس کا پیسہ لے آیا تو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت آدھی کردوں گا۔