لاہور: (دنیا نیوز) سیاسی منظر نامے پر پیش رفت، مسلم لیگ ن کی اہم قیادت نے ترین گروپ سے رابطہ کرلیا۔ ن لیگ کی قیادت نے ترین گروپ کے مرکزی رہنما عون چودھری سے رابطہ کیا۔
مسلم لیگ ن کا اعلیٰ سطحی وفد ترین گروپ سے ملاقات کا خواہشمند ہے۔ ٹیلی فونک رابطے کے بعد ترین گروپ نے مشاورت کے لئے ایک اور اجلاس طلب کرلیا۔ مسلم لیگ ن کے رابطے اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعلی عثمان بزدار کو گھر بھیجنے کے مشن کے تحت ترین گروپ کے رہنما علیم خان لندن چلے گئے، جہانگیر ترین سے ملاقات میں پنجاب کی موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کریں گے، آئندہ کے لائحہ عمل کے لئے تجاویز زیر غور آئیں گی۔
خیال رہے سابق سینئر صوبائی وزیر علیم خان سے گذشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی تھی جس کے دوران انہیں وزیراعظم کا خصوصی پیغام پہنچایا تھا۔ علیم خان نے وزیراعظم کے پیغام کے حوالے سے فواد چودھری اور عمران اسماعیل سے جہانگیر ترین کے ساتھ مشاورت تک کا وقت مانگا تھا۔