بجلی، گھی کی قیمتوں میں اضافہ عمران نیازی کا ایک اور یوٹرن ہے: شہباز شریف

Published On 10 March,2022 04:34 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بجلی، گھی کی قیمتوں میں اضافے کو عمران نیازی کا ایک اور یوٹرن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی نے اپنی روایت برقرارکھی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں 5.94 روپے فی یونٹ ماہانہ اضافہ عوام کے خلاف غیرملکی سازش ہے جو پی ٹی آئی حکومت نے کی ہے۔ 58 ارب روپے کا اضافی بوجھ مہنگائی سے تباہ حال عوام پر ڈالنا ظلم، زیادتی اور سفاکی کی انتہاءہے۔یہ ہے وہ ظلم ہے جسے روکنے کے لئے تحریک عدم اعتماد لائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام دشمن ، جھوٹی حکومت سے نجات ہی قوم کو مہنگائی کے ظلم سے نجات دلائے گی ۔آئی ایم ایف کو پاکستان کے معاشی مفادات کے ہاتھ کاٹ کر دے دئیے ۔بجلی، گھی کی قیمتوں میں اضافے سے عوامی ریلیف کے جھوٹ کا پول کھل چکا ہے

ان کا کہنا تھا کہ گھی کی فی کلو قیمت میں 15 روپے، خوردنی تیل کی فی لیٹر15 روپے ریلیف پیکج کا منہ چڑا رہا ہے ۔گزشتہ ماہ خوردنی تیل 75 روپے فی لیٹر، گھی کی فی کلو قیمت 66 روپے تک اضافہ پہلے ہی کیا جاچکا ہے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ بجٹ خسارہ ریکارڈ4.3 ٹریلین سے اوپر کی ہولناک سطح پر پہنچ گیا ہے، یہ معاشی تباہی کا کھلا ثبوت ہے ۔ملکی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ خسارہ ریونیو اور قومی آمدن میں اضافے کے حکومتی دعووں کو جھوٹ ثابت کررہا ہے۔

عمران خان اپنا انجام قریب دیکھ کر بازاری زبان پر اتر آئے: شہباز شریف

شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو اپنا انجام نظر آ رہا ہے، اس لیے وہ دھمکیوں اور بازاری زبان پر اتر آیا، چور چور کے بیانات وہ دے رہا ہے، جس کا ذہن ماؤف ہو چکا ہے، عمران خان سامنے آئیں اور مقابلہ کریں، اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا بند کریں۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جہاں جا رہے غلاظت کے ڈھیرجمع کر کے جا رہے ہیں، ان کے غلاظت کے ڈھیر کون صاف کرے گا ؟ عمران خان گھٹیا سیاست کر رہے ہیں، نازک معاملات پر غیر محتاط بیانات سے کشمیر کاز کو نقصان ہوگا، نہیں چھوڑوں گا اور چور ڈاکو ایسا شخص کہہ رہا ہے جو خوفزدہ ہے، ایک مہذب شخص ایسی گفتگو نہیں کرتا جو عمران خان کر رہے ہیں۔

دوسری جانب حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے تقاریر میں اخلاقی اقدار کی دھجیاں اڑائیں، چور اور ڈاکو سن سن کر کان پک گئے ہیں، عمران نیازی خارجہ معاملات پر بھی غیر ذمہ دارانہ گفتگو کرتے ہیں، کیا پاکستان کے تجارتی مفادات دوسرے ممالک سے جڑے ہوئے نہیں ؟ وزیراعظم کے بیان پر وزیر خزانہ کو کہنا پڑا ایسی بات نہیں کرنی چاہیے تھی، وزیراعظم کے منہ پر ٹیپ لگا دینی چاہیے، یہ ملکی مفادات کا نقصان کرتے ہیں۔

Advertisement