اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک سے کوئی پریشانی نہیں، عوام ہمارے ساتھ ہیں، کیسز منطقی انجام تک پہچنے کے باعث اپوزیشن کو جلدی ہے، مشاورت سے فیصلے کیے جائیں گے۔
تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ پی ٹی آئی نے جارحانہ پالیسی جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت کور کمٹی کے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کرپٹ ٹولے کو عوام میں بے نقاب کیا جائے گا، حکمران جماعت نے ملک بھر میں سیاسی جلسے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا، ملک کے مزید شہروں میں جلسے کیے جائیں گے، ملک کی سیاسی صورتحال کے تناظر میں کور کمیٹی نے حتمی فیصلوں کا اختیار وزیراعظم کو دے دیا۔
اجلاس میں اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس ضمن میں وزراء کوٹاسک سونپ دیا گیا، تحریک انصاف کی حکومت کو اتحادیوں کے ساتھ کھڑا رہنے کی امید کا اظہار کیا گیا جبکہ شرکا کو بتایا گیا کہ ابھی حکومت کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی جلد ی نہیں، حکومت کو کوئی مسئلہ نہیں، اتحادی ساتھ ہی ہیں۔
کور کمیٹی اجلاس کو بتایا گیا کہ ہمارے نمبرز پورے ہیں، ہمارے ارکان کو خرید نے کے لئے کروڑوں کی پیشکش کی جا رہی ہے، ہمارے ارکان کو دنیا کے کسی بھی ملک میں پیسے پہنچانے کی پیشکش کی جا رہی ہے۔ ڈی چوک پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ عمران خان نے ملک بھر سے کارکن لانے کی ہدایت کر دی۔