’کس میں اتنا کلیجہ ہے 10 لاکھ آدمیوں سے گزر کر جائے، عمران کیخلاف ووٹ ڈالے‘

Published On 15 March,2022 09:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ کس مائی کے لعل میں اتنا کلیجہ ہے 10 لاکھ آدمیوں میں سے گزر کر جائے، عمران خان کے خلاف ووٹ ڈالے اور پھر واپس بھی ہو کر جائے۔

اسلام آباد میں اوور سیز پاکستانیوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ آج میں آپ کو بتائوں، یہ ابھی سے ڈر گئے ہیں، ہم نے اس دن کہہ دیا کہ انشاء اللہ ڈی چوک میں 10 لاکھ آدمی ہوگا، اور اگر عدم اعتماد کی نوبت آئی ، جو مجھے امید ہے کہ نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کہہ دیا کہ عدم اعتماد کی نوبت آئی تو دیکھیں گے کہ کس مائی کے لعل میں اتنا کلیجہ ہے کہ 10 لاکھ آدمیوں میں سے گزر کر جائے ، عمران خان کے خلاف ووٹ ڈالے اور پھر واپس بھی ہو کر جائے ، میں نے کہا ذرا کلیجہ ٹیسٹ کریں گے کہ اس کا کیا کلیجہ ہے ، لیکن مجھے امید ہے کہ وہ نوبت نہیں آئے گی اور یہ معاملات بہتری کی طرف جائیں گے۔

فواد چودھری نے کہا کہ مریم بی بی فرماتی تھیں کہ عمران خان باہر نکل کر دکھائیں ، آج عمران خان لاکھوں کے جلسے سے خطاب کر رہا ہے جبکہ آصف زرداری اور نواز شریف کا پارک میں چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے ، حکومت اوراپوزیشن میں تنازع 90 لاکھ تارکین وطن کوووٹ کاحق دیناہے، اپوزیشن اوورسیزپاکستانیوں کےووٹوں سےخوفزدہ ہے، اشیا کی قیمتیں پوری دنیا میں بڑھی ہیں، ایسے شخص کو لیڈر بنائیں جو آپ کے قد کو اونچا کرے،پوری دنیا میں سب سے زیادہ پاکستانیوں کی عزت بڑھی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم اپنا پاسپورٹ رکھ کے بتاتے ہیں کہ ہمارا لیڈر عمران خان ہے،لیڈر وہ نہیں جو امریکی صدر کے سامنے پرچی لے کر جائے اور اسکی کانپیں ٹانگ رہی ہوں ، ہم کسی بھی فورم میں اوورسیز پاکستانی کے حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، وزیراعظم عمران خان پرپورےپاکستان کواعتمادہے۔