زرداری نے مولانا فضل الرحمان کی لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت قبول کرلی

Published On 16 March,2022 10:17 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کی دعوت دینے سے قبل آصف زرداری نے کہا میں یہ پہلے ہی قبول کر چکا ہوں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی، اس دوران صحافی نے سوال کیا کہ لانگ مارچ کے بارے سنا ہے کہ دونوں جانب سے مارچ اور جلسہ منسوخ ہو جائے گا۔ جس پر جواب دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آپ اپنا سوال اپنے پاس رکھیں، لانگ مارچ کے حوالے سے کون کہاں سے نکلے گا اس سوال کا جواب ابھی آپکو نہیں ملے گا۔

سربراہ پی ڈی ایم کا مزید کہنا تھا کہ آصف زداری کو لانگ مارچ می شرکت کی دعوت دینے جانا تھا، انکی مہربانی ہے وہ میرے پاس تشریف لائے اور کہا کہ میں یہ پہلے ہی قبول کر چکا ہوں۔

قبل ازیں سابق صدر مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پہنچے جبکہ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں سابق صدر آصف زرداری، شاہدخاقان عباسی اور دیگر رہنما شریک تھے۔

 اس سے پہلے شہباز شریف اورمولانا فضل الرحمان کی ایم کیو ایم رہنماوں سے ملاقات ہوئی، ابتدائی مشاورت کا عمل مکمل ہوگیا اور ایم کیو ایم پاکستان نے مطالبات ماننے کی صورت میں اپوزیشن کا ساتھ دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ لاجز میں حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی، ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات میں سیاسی صورت حال پر گفتگو کی گئی اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

شہباز شریف نے تحریک عدم اعتماد کیلئے ایک مرتبہ پھر ایم کیو ایم سے تعاون کی درخواست کی، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملاقات انتہائی مثبت رہی، سب اچھاہوگا۔

Advertisement