سوات جلسہ، وزیراعظم کی اسمبلی رکنیت فوری معطل کی جائے: احسن اقبال

Published On 16 March,2022 07:11 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان خود کو شہنشاہ معظم ثابت کرنے کے خواہشمند، اب الیکشن کمیشن ان کی بندوق کے نشانے پر ہے، سوات میں جلسہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، وزیراعظم کی اسمبلی رکنیت فوری معطل کی جائے۔

وزیراعظم عمران خان کے سوات میں جلسہ سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے احسن اقبال نے مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج پھر عمران خان نے کنٹینر کی تقریر دہرائی ہے، وزیراعظم قانون کی حکمرانی کی دھجیاں بکھیر رہا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے تک نہیں مانے جاتے، اب ان کی بندوق کے نشانے پر الیکشن کمیشن ہے، یہ ادارہ فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے منع کرنے کے باوجود سوات میں جلسہ کیا، ای سی پی ان کو نا اہل کرے ورنہ ہر طاقت ور قانون کا مذاق اڑائے گا، عمران نیازی تب کہاں گیا تھا جب آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا تھا ، پاکستان کی خود مختاری پر سمجھوتا کیا گیا۔

رہنما ن لیگ کا مزید کہنا تھا کہ عمران کے ساتھ کھڑے ہونے کا مطلب مہنگائی اور بیروزگاری کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، عمران نیازی صاحب اب آپ کے احتساب کا وقت آگیا ہے، جب جلسوں کا وقت آئے گا تو ہم جلسہ، جلسہ بھی کھیلیں گے، استعفیٰ دیں اور قوم کو مزید محاذ آرائی کی طرف نہ دھکیلیں، اراکین اسمبلی کو ہراساں کرکے بچ نہیں سکتے، آپ کے اتحادی بھی ساتھ نہیں دینا چاہتے، بہتر ہے کسی نسیم حجازی کی فلم کے اندر جا کر کردار ادا کریں، دوسروں کو بھگوڑا کہنے والے عمران نیازی خود کیلی فورنیا کی عدالت کے بھگوڑے ہیں، آپ الیکشن کمیشن کے بھگوڑے ہیں، وزیراعظم نے قوم سے جھوٹے وعدے کیے۔
 

Advertisement