اسلام آباد:(دنیا نیوز) سوات میں پاکستان تحریک انصاف کا جلسہ کرنے پر الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان ، وفاقی و صوبائی وزرا کو نوٹس جاری کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیراعظم، محمود خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر مراد سعید، صوبائی وزراء محب اللہ، ڈاکٹر امجد علی کو بھی نوٹس جاری کیا گیا، نوٹس ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سوات کی جانب سے جاری کیا گیا۔
عمران خان اور دیگر کو سوات میں جلسہ کرنے اور قواعد وضوابط کی خلاف ورزی پر نوٹسز جاری کئے گئے۔
نوٹس میں ہدایت کی گئی کہ وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ، وفاقی وزراء اور صوبائی وزراء کو خود یا بذریعہ وکیل 18 مارچ کو پیش ہوں۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کو سوات کا دورہ کرنے سے منع بھی کیا تھا، الیکشن کمیشن کی ہدایت کے باوجود وزیر اعظم نے سوات میں عوامی اجتماع سے خطاب کیا ہے، اس سے قبل بھی الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم کو دیر میں جلسہ عام سے خطاب کرنے پر نوٹس جاری کیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے نئے ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی بھی پبلک آفس ہولڈر انتخابات والے اضلاع کا دورہ نہیں کر سکتا، خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 31 مارچ کو شیڈول ہے۔
اسلام آباد کا سندھ ہاؤس ہارس ٹریڈنگ کا مرکز، ضمیر خریدے جا رہے ہیں: وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کا سندھ ہاؤس ہارس ٹریڈنگ کا مرکز، بوریوں میں بھرے پیسے سے لوگوں کے ضمیر خریدے جارہے ہیں، مخالفین خوفزدہ ہیں کہ عمران خان کچھ عرصہ مزید رہا تو یہ سب جیلوں میں ہونگے، آنے والے دن فیصلہ کن، تینوں چوہوں کا شکار کر کے دکھاؤں گا، ایک ہی گیند سے 3 وکٹیں گراؤں گا۔
سوات میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سوات کے جنونی ٹائیگرز کا شاندار استقبال پر شکریہ ادا کرتا ہوں، بلدیاتی الیکشن میں صرف بلے کو ووٹ دینا ہے، تحریک انصاف کے نوجوان جوبلے کے خلاف کھڑے ہوئے وہ بیٹھ جائیں، ہم نے بلدیاتی الیکشن جیتنا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ آج صبح اٹھ کراللہ کا شکرادا کیا، آج میرے لیے بہت خوشی کا دن ہے، اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد پاس کرانے کے لیے تین سال سے کوششیں کر رہے تھے، گستاخانہ خاکوں پر میں نے فیصلہ کیا تھا دنیا میں کیس لڑوں گا، پاکستان کی قرارداد کو57 ممالک نے مل کر پیش کیا، پوری دنیا کے مسلم ممالک سے مجھے مبارکباد کے پیغام آ رہے ہیں، آج بیرون ملک پاکستانی اور مسلمان بہت خوش ہے، کل بھارت کی عدالت نے فیصلہ دیا کہ مسلمان لڑکیاں حجاب نہیں کرسکتیں، اس کو کہتے ہیں اسلاموفوبیا، بھارت کی حکومت اسلام کے خلاف کام کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مغرب میں مسلمانوں کے خلاف مہم چلائی گئی، مغرب نے دہشت گردی اور اسلام کو اکٹھا کر دیا تھا، اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، ایسے تاثر دیا گیا جیسے اسلام کی وجہ سے دہشت گردی ہوتی ہے، تمام مسلم ممالک سے کہا اسلاموفوبیا کے خلاف ہم سب کومتحد ہونا ہوگا، اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کے خلاف میں نے آوازبلند کی، شکر ہے ہماری کوششوں کی وجہ سے اقوام متحدہ نے قرارداد پاس کی۔
سوات جلسہ، وزیراعظم کی اسمبلی رکنیت فوری معطل کی جائے: احسن اقبال
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان خود کو شہنشاہ معظم ثابت کرنے کے خواہشمند، اب الیکشن کمیشن ان کی بندوق کے نشانے پر ہے، سوات میں جلسہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، وزیراعظم کی اسمبلی رکنیت فوری معطل کی جائے۔
وزیراعظم عمران خان کے سوات میں جلسہ سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے احسن اقبال نے مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج پھر عمران خان نے کنٹینر کی تقریر دہرائی ہے، وزیراعظم قانون کی حکمرانی کی دھجیاں بکھیر رہا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے تک نہیں مانے جاتے، اب ان کی بندوق کے نشانے پر الیکشن کمیشن ہے، یہ ادارہ فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے منع کرنے کے باوجود سوات میں جلسہ کیا، ای سی پی ان کو نا اہل کرے ورنہ ہر طاقت ور قانون کا مذاق اڑائے گا، عمران نیازی تب کہاں گیا تھا جب آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا تھا ، پاکستان کی خود مختاری پر سمجھوتا کیا گیا۔
رہنما ن لیگ کا مزید کہنا تھا کہ عمران کے ساتھ کھڑے ہونے کا مطلب مہنگائی اور بیروزگاری کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، عمران نیازی صاحب اب آپ کے احتساب کا وقت آگیا ہے، جب جلسوں کا وقت آئے گا تو ہم جلسہ، جلسہ بھی کھیلیں گے، استعفیٰ دیں اور قوم کو مزید محاذ آرائی کی طرف نہ دھکیلیں، اراکین اسمبلی کو ہراساں کرکے بچ نہیں سکتے، آپ کے اتحادی بھی ساتھ نہیں دینا چاہتے، بہتر ہے کسی نسیم حجازی کی فلم کے اندر جا کر کردار ادا کریں، دوسروں کو بھگوڑا کہنے والے عمران نیازی خود کیلی فورنیا کی عدالت کے بھگوڑے ہیں، آپ الیکشن کمیشن کے بھگوڑے ہیں، وزیراعظم نے قوم سے جھوٹے وعدے کیے۔