اسلام آباد: (دنیا نیوز) انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس کو وزیراعظم عمران خان اور اسد عمر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا جبکہ رجسٹرار عدالت نے اعتراض لگا کر درخواست واپس کردی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنی اور وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے درخواست دائر کی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ قانون سازی کے ذریعے پبلک آفس ہولڈر کو الیکشن مہم میں حصہ لینے کی اجازت دی گئی تھی، درخواست گزار اسدعمر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم سمیت ہم سب کو نوٹس جاری کئے، وزیراعظم عمران خان اور میرے دستخط سے پیٹیشن دائر کی گئی، الیکشن کمیشن کے پاس قانون کی تشریح کا اختیار نہیں تھا۔
رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی پٹیشن پر اعتراض لگایا کہ وزیر اعظم عمران خان کا بیان حلفی درخواست کے ساتھ منسلک نہیں،عمران خان نے بائیو میٹرک کے بغیر پٹیشن دائر کی۔