لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع پرویز خٹک کا ترین گروپ کے عون چودھری رابطہ ہوا جس میں انہوں نے گروپ کو فوری طور پر انتہائی قدم نہ اٹھانے کی درخواست کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق سیاسی رابطے، روٹھوں کو منانے کا مشن لئے وفاقی وزیر پرویز خٹک کا رات گئے ترین گروپ کے مرکزی رہنما عون چودھری سے رابطہ ہوا، ٹیلی فونک رابطے میں گروپ ارکان کی ناراضی کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔
ترین گروپ کے رہنما عون چودھری کی جانب سے رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ رات گئے پرویز خٹک سے رابطہ ہوا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پرویز خٹک نے عون چودھری سے فوری طور پر انتہائی قدم نہ اٹھانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اہم فیصلے روک لیں، جلد اہم ہیش رفت سے آگاہ کریں گے۔
دوسری جانب عون چودھری سے وفاقی وزیر فواد چودھری کا بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
قبل ازیں ترین گروپ کے لاہور میں ہونے والے اجلاس میں سندھ ہاؤس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکومتی ایما پر سندھ ہاؤس کا گھیراؤ اور توڑ پھوڑ تشویشناک ہے۔
اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے مشاورت کی گئی جبکہ جہانگیرترین نے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے متحد رہنے کا پیغام دیا۔