اسلام آباد:(دنیا نیوز) ملک میں جاری سیاسی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت آج پھر سیاسی کمیٹی کا اجلاس شیڈول ہے جس میں سندھ ہاؤس واقعہ اور دیگر امور پر بات ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ روز سندھ ہاؤس پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے دھاوا بولے جانے کے واقعہ کے بعد وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوگا جس میں سندھ ہاؤس واقعہ، قومی اسمبلی اجلاس اور تحریک عدم اعتماد سے متعلق امور پر بات ہو گی۔
سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں منحرف اراکین سے متعلق سپریم کورٹ میں ریفرنس پر بھی مشاورت کی جائے گی، پی ٹی آئی اور اتحادی ارکان سے رابطوں پر بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس میں 27 مارچ سے قبل وزیراعظم عمران خان کے عوامی جلسوں سے متعلق بھی مشاورت ہو گی۔
دوسری جانب سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کل مالاکنڈ میں عوامی رابطہ مہم کے تحت جلسہ عام سے خطاب کرینگے ، یہ حق اور باطل کی جنگ ہے، فیصلہ کن گھڑی میں پوری قوم حق کے ساتھ ہے، پوری قوم عمران خان اور پاکستان کیساتھ ہے، ہم نے یہ ملک واپس لٹیروں کے ہاتھ نہیں دینا۔