اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 14 منحرف ارکان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آنے کے بعد سیاسی پارہ ہائی ہے اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے نمبرز پورے کرنے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں، اسی تناظر میں حکومتی جماعت نے اپنے منحرف ہونے والے اراکین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔
جن ارکان اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں ان میں نورعالم خان، افضل ڈھانڈلہ، نواب شیر وسیر، راجہ ریاض، رانا قاسم نون، احمد حسین ڈیہڑ، عبدالغفار وٹو، مخدوم باسط سلطان، عامر طلال گوپانگ، خواجہ شیراز، سردار ریاض مزاری، رمیش کمار، وجیہہ قمر اور نزہت پٹھان شامل ہیں۔
شوکاز نوٹسز پر پارٹی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے دستخط کیے، نوٹس میں منحرف ارکان سے وضاحت طلب کی گئی اور ارکان کو 7 روز کے اندر معافی مانگ کر غیر مشروط پارٹی میں واپس آنے کی مہلت دی گئی ہے۔
نوٹس کہا گیا ہے کہ 7 روز تک جواب نہ دینے اور واپس نہ آنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔