لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ آپ وزیراعظم کے منصب کا اخلاقی، قانونی اور آئینی جواز کھو چکے ہو۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے لکھا کہ عوامی نمائندوں کے سامنے دو راستے ہیں، پہلا یہ عوام کے ساتھ کھڑے ہوجائیں، دوسرا یہ آپ کی ڈوبتی کشتی میں غرق ہو کر رسوائی اور بدنامی کی تاریخ کا حصہ بن جائیں، دوسروں کو شوکاز نوٹس جاری کرنے سے پہلے، اس شوکاز نوٹس کا جواب دو جو پوری قوم نے آپ کو دے رکھا ہے۔
مریم نواز نے لکھا کہ آپ نے پورے پاکستان کو غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی میں دھکیل کر اپنی جماعت کے کس رکن کو اس قابل چھوڑا ہے کہ وہ عوام کا سامنا کرے؟، آپ ایک بوجھ ہیں جو اب کوئی نہیں اٹھا سکتا۔
ن لیگ کی نائب صدر نے لکھا کہ اگر بقول آپکے چودہ اراکان آپ کے ساتھ چھوڑ گئے ہیں اور آپ نے انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ 342 کے ایوان میں 165 ارکان آپ کے ساتھ رہ گئے ہیں۔ گویا آپ اکثریت کھو چکے ہو۔ آپ وزیراعظم کے منصب کا اخلاقی، قانونی اور آئینی جواز کھو چکے ہو۔اب اقتدار سے چپکتے رہنے کا کیا فائدہ؟