اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ منحرف ارکان کے خلاف عوام میں غم وغصہ پایا جاتا ہے، تلخیاں کم کرنے کی ضرورت ہے۔
گزشتہ روز اسلام آباد سندھ ہاؤس پر پی ٹی آئی کارکنوں کے حملے کے بعد سیاسی صورتحال پر بے یقینی کے بادل منڈلا رہے ہیں، اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ سندھ ہاؤس میں منحرف ارکان کو قید میں رکھا گیا ہے، اُن پر بندشیں لگائی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان بلیک میل نہیں ہونگے، پی ٹی آئی لیڈر شپ نے ابھی احتجاج کی کال نہیں دی ، تلخیاں بڑھتی جا رہی ہیں جو کم ہونی چاہئیں۔
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ بیرونی طاقتوں کا عمران خان کی حکومت گرانے میں ملوث ہونے کا تاثر ملا ہے، جو مسائل ہیں ان پر بات چیت ہونی چاہیے، توبہ کا دروازہ کھلا ہے، ارکان واپس آجائیں۔
قبل ازیں راجہ ریاض اور قاسم نون سے پنجاب کے اہم وزیر کے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے دیئے گئے رابطے کے ٹاسک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے منحرف ارکان سے کہا کہ واپس آجائیں، آپ کو عزت ملے گی۔