اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آنے کے بعد پی ٹی آئی کے سامنے آنے والے ناراض ارکین اسمبلی میں سے تین نے واپسی کے لیے واپسی کے لیے پارٹی سے رابطہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کی اتحادی جماعتوں اور جہانگیر ترین گروپ سے رابطوں اور منحرف ارکان کے رابطوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ تین منحرف ارکان نے واپس آنے کے لیے رابطہ کیا ہے جس پر وزیراعظم نے حکومتی ٹیم کو سیاسی رابطے جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
راجہ ریاض اور رانا قاسم نون سے صوبائی وزیر کا رابطہ، واپس آنے کی درخواست
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے باغی ارکان قومی اسمبلی سے پنجاب حکومت کے وزیر کے رابطے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ ہاؤس میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی راجہ ریاض اور رانا قاسم نون سے پنجاب حکومت کے اہم صوبائی وزیر رابطہ کیا ہے، رابطے کے دوران اراکین سے کہا گیا ہے کہ پارٹی میں واپس آ جائیں آپ کو عزت وقار ملے گی۔
صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے ٹاسک ملنے کے بعد منحرف ارکان سے رابطہ کیا ہے، رابطہ کرنے والے وزیر کا تعلق ملتان سے ہے،
صوبائی وزیر کے مطابق امید ہے بات چیت آگے بڑھے گی۔
مراد راس ، پرویز خٹک کا ترین گروپ سے رابطہ
حکومت کی جانب ترین گروپ کو منانے کی کوششیں جاری ہے ، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر تعلیم مراد راس نے ترین گروپ سے رابطہ کیا ، ترین گروپ کے رہنما صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال نے رابطے کی تصدیق کر دی۔
وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے ترین گروپ سے ملاقات کی ، یہ ابتدائی ملاقات کی نشست دو گھنٹے تک جاری رہی ، جس میں ترین گروپ کے 6 سے زائد ارکان شریک ہوئے۔
مراد راس نے ترین گروپ کو پیشکش کی کہ آئیں بیٹھ کر غلط فہمیاں دور کرتے ہیں، ترین گروپ کے ارکان پارٹی کا حصہ ہیں، گلے شکوے دور کرنے کو تیار ہیں۔
جس پر نعمان لنگڑیال نے کہا کہ ہمیشہ پارٹی قیادت کے حوالے سے مثبت رویہ اختیار کیا، جس پر وزرا کا کہنا تھا کہ ہم بیٹھ کر تمام ایشوز پر بات کر سکتے ہیں۔
ملاقات میں ترین گروپ کے ارکان نے کہا کہ تمام فیصلوں کا اختیار جہانگیر ترین کے پاس ہے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کا جہانگیر ترین گروپ کے اہم رہنما عون چودھری سے رابطہ ہوا تھا۔
عون چوہدری نے حکومت سے رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ رات گئے پرویز خٹک سے رابطہ ہوا، انہوں نے بتایا کہ پرویز خٹک نے ترین گروپ سےفوری طور پر انتہائی قدم نہ اٹھانے کی درخواست کی۔
پرویز خٹک نے عون چوہدری سے کہا تھا کہ اہم فیصلے روک لیں،جلد اہم ہیش رفت سے آگاہ کریں گے۔
وزیراعظم سے اٹارنی جنرل کی ملاقات
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سےاٹارنی جنرل خالد جاوید نے ملاقات کی، جس میں مختلف قانونی امور پر بھی مشاورت کی گئی، جب کہ اٹارنی جنرل نے وزیراعظم کو سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت پر بریفنگ دی۔
ذرائع نے بتایا کہ اٹارنی جنرل نے تحریک انصاف کے کارکنان کے سندھ ہاؤس واقعہ پر عدالتی تشویش سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
جس پر وزیراعظم نے پارٹی کارکنان کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ دوبارہ اس طرح کا واقع پیش نہ آئے اور عدالت کا جو بھی حکم آئے اس پر سختی سے عمل کیا جائے۔