وزیراعظم سے آذر وزیر دفاع، مصری اور تاجک وزیر خارجہ کی ملاقات

Published On 21 March,2022 09:37 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے آذربائیجان کے وزیر دفاع ذاکر حسنوف، مصر، تاجکستان کے وزیر خارجہ اور اسلامی ترقیاتی بینک کے چیئرمین نے ملاقات کی۔

وزیراعظم عمران خان سے آذربائیجان کے وزیر دفاع ذاکر حسنوف نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات پر گفتگو ہوئی جبکہ وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت، سیاحتی رابطوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم آفس اسلام آباد سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے آذربائیجان سے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہارکیا۔

وزیراعظم نے او آئی سی میں آذربائیجان کے تعاون کی تعریف کی، امن اور خوشحالی کے مقصد کے حصول میں آذربائیجان کی کوششوں کو سراہا۔

وزیر دفاع حسنوف نے آذربائیجان کے صدر کی طرف سے وزیر اعظم کو مبارکباد پیش کی۔

واضح رہے کہ آذربائیجان کی مسلح افواج کا دستہ 23 مارچ 2022 کو پاکستان کے قومی دن کی پریڈ میں شرکت کرے گا۔

بعدازاں وزیراعظم عمران خان سے مصر کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے پاکستان اور مصر کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات کو دہرایا اور اقتصادی، تجارتی شعبوں میں دوطرفہ سیاسی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے صدر عبدالفتاح السیسی کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی طور پر فائدہ مند روابط بڑھانے کی بڑی گنجائش اور امکانات موجود ہیں۔

وزیراعظم نے مصری وزیر خارجہ سے مختلف علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا کرتے ہوئے بھارت کی جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے کو لاحق خطرات پر روشنی ڈالی، اقوام متحدہ کے 15 مارچ کو  اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے عالمی دن  قرار دینے کو سراہا، او آئی سی پلیٹ فارم کو دنیا بھر میں مسلمانوں کے لیے انصاف کے مقصد کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ادھر وزیراعظم عمران خان سے تاجکستان کے وزیر خارجہ نے بھی ملاقات کی، وزیراعظم نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 30ویں سالگرہ پر وزیر خارجہ کو مبارکباد دیتے ہوئے تجارتی اور اقتصادی روابط کو بڑھانے کے لیے ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو جلد مکمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا، افغانستان میں پائیدار امن اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان سب کے مفاد میں ہے۔

قبل ازیں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس میں شرکت کے لیے دورہ پاکستان پر موجود اسلامی ترقیاتی بینک کے چیئرمین ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر نے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ آئی ایس ڈی بی کی دیرینہ اور قابل اعتماد شراکت داری کی تعریف کی، توانائی، مالیات، ٹرانسپورٹیشن، تعلیم اور صحت جیسے مختلف شعبوں میں اس کے کردار، کورونا ویکسینز کی خریداری کے لیے پاکستان کے لیے آئی ایس ڈی بی کے تعاون کو بھی سراہا۔

ڈاکٹر الجاسر نے وزیر اعظم کو آئی ایس ڈی بی کے پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی، افغانستان ہیومینٹیرین ٹرسٹ فنڈ کو فعال کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔

اسلامی ترقیاتی بینک کے چیئرمین نے کہا کہ فنڈ 19 دسمبر 2022 کو اسلام آباد میں منعقدہ او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس کے ذریعے قائم کیا گیا تھا، افغان عوام جنہیں انسانی اور معاشی امداد کی اشد ضرورت تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان آئی ایس ڈی بی کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان بینک سے مزید تعاون اور تعلقات کی مضبوطی کا منتظر ہے۔
 

Advertisement