کسی میں جرأت ہے تو او آئی سی اجلاس میں مداخلت کر کے دکھائے: شیخ رشید

Published On 20 March,2022 01:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کسی میں جرأت ہے تو او آئی سی اجلاس میں مداخلت کر کے دکھائے، کوئی حادثہ ہوا تو رہنماوں کیخلاف ایف آئی آر دوں گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ جو او آئی سی کیخلاف بات کرتا ہے، اس پر لعنت ہے۔ بلاول کے سیاست کے دودھ کے دانت ٹوٹے نہیں، کہہ رہےہیں دھرنا دیں گے۔ سندھ ہاؤس میں جو کچھ ہوا اس کی مذمت کرتا ہوں۔ سندھ ہاؤس واقعہ میں ملوث افراد پر مقدمات درج کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپیکر کوحق ہےعدم اعتماد کو حالات کے مطابق آگے لے جا سکتے ہیں، ووٹنگ کیلئے کسی رکن کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔ اصلی اور نسلی لوگ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ منحرف اراکین سے کہتا ہوں مال ان کا کھائیں مگر ووٹ عمران خان کو دیں، آپ کی وکالت میں کروں گا۔ اپوزیشن کے جلسوں کو سکیورٹی فراہم کریں گے، اسلام آباد کی اہم سرکاری عمارتوں کی سکیورٹی رینجرز اور ایف سی کے پاس ہے، اٹارنی جنرل ریفرنس دائر کر رہے ہیں جو قانونی معاملہ ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ میں نے 4 مہینے پہلے کہہ دیا تھا کہ اپوزیشن  23 مارچ کو اسلام آباد نہیں آئے گی، عمران خان 27 مارچ کو جلسہ کر رہے ہیں ، اپوزیشن نے بھی مارچ کا کہا ہے، 27 تاریخ کے جلسے کے لیے ڈپٹی کمشنر کو دونوں پارٹیوں سے درخواستیں لینے اور الگ راستوں کا کہا ہے، اپوزیشن پہلے ہی جگہ دیکھ لے اور راستوں کا بھی انتخاب کر لے، تصادم ہوا تو اپوزیشن ذمے دار ہو گی۔
 

Advertisement