عوامی رابطہ مہم، وزیراعظم ایک روزہ دورے پر کمالیہ جائیں گے

Published On 26 March,2022 11:07 am

اسلام آباد (دنیا نیوز) تحریک انصاف کی عوامی رابطہ مہم کےاگلے مرحلے میں وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کمالیہ جائیں گے۔

وزیر اعظم کی آمد سے قبل کمالیہ میں ہر طرف پی ٹی آئی پرچموں کی بہارہے جبکہ جلسے کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، وزیراعظم عمران خان آج دوپہر تین بجے سپورٹس کمپلیکس میں جلسہ عام سے خطاب کرینگے جبکہ اس موقع پر کمالیہ یونیورسٹی کاسنگ بنیاد اور ہڑپہ راوی پل کا افتتاح بھی متوقع ہے۔

ایم این اے ریاض فتیانہ کا کہنا ہے کہ کمالیہ جلسے میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، اسد عمر، فواد چوہدری، پرویز خٹک ودیگر شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔

کمالیہ جلسہ گاہ میں مرد حضرات کے لئے 20ہزار اور خواتین کے لئے 5ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں لوگوں کو خریدنے کیلئے منڈی لگی ہوئی ہے: وزیراعظم عمران خان

گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعظم عمران خان کو ایک اور نوٹس جاری کردیا اور مانسہرہ میں جلسہ کرنے پر وضاحت طلب کرلی ہے۔

الیکشن کمیشن نےمانسہرہ میں جلسے پر وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 28 مارچ کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر مانسہرہ کے دفتر میں وضاحت کے لیے طلب کیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر ریلوےاعظم سواتی اور سینیٹر فیصل جاوید سمیت دیگر کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 28 مارچ کو وضاحت پیش کرنے کا کہا گیا ہے۔

Advertisement