ناظم جوکھیو قتل کیس: جام عبدالکریم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت

Published On 26 March,2022 05:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کراچی میں قتل ہونے والے ناظم جوکھیو قتل کیس میں مفرور پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت کر دی۔

وفاقی وزیر فروغ نسیم کی زیر صدارت ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران وزارت داخلہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کر دی۔

یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم ناظم جوکھیو قتل کیس میں مفرور ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو پی پی رکن قومی اسمبلی کا نام ای سی ایل لسٹ میں ڈالنے کی ہدایت کی ہے جبکہ انٹر پول کو ریڈ وارنٹ جاری کرنے بھی درخواست کر دی۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ عدم اعتماد پر ووٹنگ کیلئے ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کو دبئی سے لایا جارہا ہے، انہیں گرفتار کیا جائے گا۔

Advertisement